آئندہ پراپرٹی ٹیکس کا تعین ڈی سی ریٹ کے مطابق ہوگا، نوٹیفکیشن جاری
شہریوں کو ٹیکسز کی سیلف اسسمنٹ کی سہولت دی جا رہی ہے ،ڈی جی ایکسائز
لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب میں پچاس لاکھ روپے مالیت تک کے گھر اور رہائشی پلاٹس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دئیے گئے، محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن نے پراپرٹی ٹیکس میں اصلاحات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق نوٹیفکیشن کا اجرا کابینہ سے منظوری کے بعد عمل میں آیا جس کا مقصد پراپرٹی ٹیکس سسٹم میں شفافیت اور یکسانیت کو یقینی بنانا ہے۔اصلاحات کے تحت آئندہ پراپرٹی ٹیکس کا تعین ڈی سی ریٹ کے مطابق ہوگا۔ ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ کا کہنا ہے شہریوں کو رواں سال اضافی ٹیکس نہیں دینا پڑے گا،نئے ٹیکس گزار اس سال کل ٹیکس کا صرف 25 فیصد دیں گے، شہریوں کو ٹیکسز کی سیلف اسسمنٹ کی سہولت دی جا رہی ہے ،ٹیکس گزاراپنی پراپرٹی کے ٹیکس کا تخمینہ خود لگا سکیں گے۔انہوں نے کہا پراپرٹی ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم کو انہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے خرچ کیا جائے گا جہاں سے یہ ٹیکس اکٹھا کیا جاتا ہے۔