ایک سال میں ملکی حالات بدل گئے، کہیں سے ڈیفالٹ کی آواز نہیں آ رہی مریم نواز
مہنگائی کم اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ، چار سال ایک جماعت کی حکومت رہی، اپنے خزانے بھرتے رہے، ہم نے دروازوں پر دستک دے کر 10 ہزار کے چیک دیئے
ماضی میں جو حالت محکمہ ماحولیات کی تھی وہی پنجاب کی تھی، ماحولیاتی تحفظ فورس ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے میں سنگ میل ہوگی:ماحولیاتی تحفظ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے ایک سال میں پاکستان کے حالات بدل گئے، ملک کے کسی کونے سے ڈیفالٹ کی آواز نہیں ا رہی۔ماحولیاتی تحفظ فورس پنجاب کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کم اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، چار سال بھی ایک جماعت کی حکومت رہی، اپنے خزانے بھرتے رہے، ہم نے دروازوں پر دستک دے کر 10 ہزار روپے کے چیک دیئے۔ ماضی میں کسی کو پرواہ نہیں تھی، جو حالت محکمہ ماحولیات کی تھی وہی پنجاب کی حالت تھی، ماحولیاتی تحفظ فورس ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی اور پنجاب کو صاف، سرسبز اور محفوظ بنانے کے حکومتی عزم کی عملی تعبیر ہے‘ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا عوام کی بہت بڑی خدمت ہے، سموگ کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند کرنا پڑے۔ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ہر مریض کو مفت ادویات ملے گی، مہنگی ادویات بیچنے والوں کیخلاف ایکشن ہوگا۔قبل ازیں لاہور میں ماحولیاتی تحفظ فورس پنجاب کی پاسنگ ا?ؤٹ پریڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی شرکت کی، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی موجود تھیں۔تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماحولیاتی تحفظ فورس کی بنیاد رکھی، اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ماحولیاتی تحفظ فورس کے ویجیلینس سکواڈ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سلامی پیش کی گئی۔دریں اثناء وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے گندم کے کاشتکا روں کے لیے پیکج کا اعلان کر دیا، گندم سپورٹ فنڈ کے تحت 15ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی، گندم کے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے ڈائریکٹ فنانشل سپورٹ دی جائے گی۔ مریم نوازنے کاشتکاروں کے لئے آبیانہ اورفکس ٹیکس میں چھوٹ کا اعلان بھی کر دیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے گندم کے ساڑھے پانچ لاکھ کاشتکاروں کے لیے بڑے مالیاتی ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان ہمارے بھائی ہیں اور ہم ہر دم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گندم کو موسمی اثرات سے بچانے کے لیے چار ماہ کی مفت سٹوریج سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔وزیراعلی پنجاب نے الیکٹرانک وئیر ہاسنگ ریسیٹ سسٹم کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اب گندم سٹور کرنے والے کاشتکار کو الیکٹرانک رسید ملے گی، جسے وہ 24 گھنٹے کے اندر بینک میں جمع کرا کر 70 فیصد تک قرض حاصل کر سکیں گے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ گندم اور اس سے تیار شدہ اشیا کی ایکسپورٹ کے لیے وفاق سے رابطہ کیا جائے گا، جب کہ صوبائی اور ضلعی سرحدوں پر گندم اور آٹے کی نقل و حمل پر عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی سیکٹر کو گندم اسٹوریج اور ویئر ہاسز کی بحالی اور تعمیر کے لیے پنجاب بینک فنانسنگ فراہم کرے گا، جب کہ حکومت پنجاب 5 ارب روپے کا مارک اپ خود ادا کرے گی۔مریم نوز نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر کاشتکار نے گندم لگائی ہے تو اسے مکمل معاوضہ ملے گا، کسان کا نقصان نہیں ہونے دوں گی۔