اردن کی ملکہ رانیہ عبداللہ نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی شہزادی ایمان بنت عبداللہ اور ان کے شوہر جمیل الیگزینڈر کی تصویر شیئر کی اور اس کے ساتھ ایک محبت بھرا پیغام بھی دیا۔
ملکہ رانیہ نے کہا کہ یہ دونوں میرے دل میں بہت قیمتی ہیں لیکن آنے والا سب سے قیمتی ہے، اللہ تعالیٰ انہیں صحت مند رکھے۔شہزادی ایمان، جو ملکہ رانیہ اور شاہ عبداللہ کی سب سے بڑی بیٹی ہیں، کی شادی مارچ 2023 میں یونانی نژاد کاروباری شخصیت جمیل الیگزینڈر سے ہوئی تھی۔ جمیل الیگزینڈر وینزویلا میں پیدا ہوئے اور نیویارک میں مالیاتی شعبے میں کام کرتے ہیں۔ملکہ رانیہ کی پوسٹ پر سوشل میڈیا پر مثبت ردعمل آیا ہے اور لوگوں نے ان کی بیٹی اور خاندان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ ملکہ رانیہ کے خاندان میں خوشیوں کی لہر ہے کیونکہ اگست 2024 میں ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ اور شہزادی رجوہ الحسین کے ہاں بھی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام ایمان رکھا گیا تھا۔