میڈرڈ: اسپین کے بادشاہ فیلپے ششم اور ملکہ لیٹیزیا کی بڑی بیٹی شہزادی لیونور ملک کی آئندہ ملکہ بننے کے لیے تیار ہیں۔
ان کی تخت نشینی کے بعد اسپین کو 150 سال بعد پہلی بااختیار ملکہ ملے گی، جس کے بعد شہزادی ازابیلا دوم کے بعد ملک کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ ایک خاتون مکمل حکمرانی کرے گی۔شہزادی لیونور 2005ء میں پیدا ہوئیں اور اس وقت اسپین کی ولی عہد ہیں۔ ہسپانوی شاہی خاندان میں بادشاہت کا سلسلہ بوربن خاندان کے پاس ہے، جو 18ویں صدی سے اقتدار میں ہے۔ 2014ء میں بادشاہ خوان کارلوس اول کے دستبردار ہونے کے بعد فیلپے ششم بادشاہ بنے اور اب لیونور تخت کی وارث ہیں۔
ولی عہد کی تربیت:
ہسپانوی قانون کے مطابق ولی عہد کے لیے فوجی تربیت لازمی ہے۔ شہزادی نے ویلز کے یو ڈبلیو سی اٹلانٹک کالج سے انٹرنیشنل بکلوریٹ مکمل کیا، جس کے بعد انہوں نے فوجی تربیت کا آغاز کیا۔ وہ ہسپانوی، کاتالان، انگریزی، فرانسیسی، عربی اور مینڈرن زبانوں پر عبور رکھتی ہیں۔
اگست 2023ء میں انہوں نے زرگوزا میں آرمی ٹریننگ شروع کی۔
2024ء میں بحریہ کی تربیت حاصل کی اور تربیتی جہاز خوان سباستیان دے الکانو پر 140 دن اور 17 ہزار میل کا سمندری سفر کیا، عملے کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔
بعدازاں جنگی جہاز بلاس دے لیزو پر بھی خدمات سر انجام دیں۔
فضائی تربیت اور اعزازات:
دسمبر 2025ء میں شہزادی لیونور نے پی سی-21 طیارے میں اپنی پہلی تنہا پرواز مکمل کی، جس سے وہ ہسپانوی شاہی خاندان کی پہلی خاتون بن گئیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ ان کی خدمات اور تربیت کے اعتراف میں انہیں گولڈ میڈل آف ریجن آف مرسیا سے بھی نوازا گیا۔یہ تربیت شہزادی لیونور کو نہ صرف اسپین کی آئندہ ملکہ بلکہ ملک کی مسلح افواج کی کمانڈر انچیف کے طور پر بھی مستعد بنانے کا ایک اہم قدم ہے۔