بستوں سے چھٹکارا ، اسلام آباد کے پرائمری طلبہ اب کتابیں سکول میں ہی رکھیں گے

 صرف ایک کتاب اور کاپی گھر کے کام کیلیے لے جانے کی اجازت ہو گی،وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی
 اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی حکومت نے پرائمری کے طلبہ کا بوجھ کم کرنے کے لیے آئندہ تعلیمی سال سے بستوں سے چھٹکارا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی سیکرٹری تعلیم و تربیت محی الدین وانی نے صدر مملکت کے مشیر ڈاکٹر عاصم حسین کے گورنمنٹ گرلز سکول اسلام آباد کے دورے پر بریفنگ میں کہا کہ اب طلبہ بستہ سکول میں ہی رکھیں گے، انہیں صرف ایک کتاب اور کاپی گھر کے کام کیلیے لے جانے کی اجازت ہو گی۔ محی الدین وانی نے کہا کہ مستقبل میں ان بچوں کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا بھی ارادہ ہے تاکہ درسی کتب بھی کمپیوٹر سے پڑھ لیا کریں۔انہوں نے کہا کہ 240پرائمری سکولوں کے 65ہزار بچوں کو مفت کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، حکومت کے اس اقدام سے 25 فیصد انرولمنٹ بڑھی ہے، سکول چھوڑنے والے بچوں کی تعداد ختم ہو گئی ہے۔