نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بارہویں جماعت،اے لیولز تک 17نومبر تک بند رہیں گے،تمام تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز پرمنتقل ہوں گے،فیصلے کا اطلاق لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب ‘ گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین پر ہوگا
سیالکوٹ، نارووال ‘فیصل آباد،چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،ملتان، لودھران، وہاڑی، خانیوال میں بھی سکول بند رہیں گے‘ سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد افسر کام کریں گے، 10 روز تک سموگ کی شدت برقرار رہے گی:مریم اورنگزیب
لاہور(سپیشل رپورٹر )پنجاب حکومت نے پرائمری سے ہائیر سیکنڈری تک سکولز بند کرنے کا اعلان کردیا جبکہ ماسک کا استعمال لازم قرار دے دیا گیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا سموگ کے خاتمے کے لیے تمام محکمے کام کر رہے ہیں، ایئر کوالٹی انڈیکس کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم جدید آلات سے بنایا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ فصلوں کی باقیاتِ جلانے سے اسموگ میں اضافہ ہو رہا ہے، پلاسٹک بیگز پر پابندی ہے مگر خلاف ورزی ہو رہی ہے، اگر آپ نے ماسک نہیں پہنا تو آپ میتھین اپنے پھپڑوں میں پہنچارہے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ بچیوں کو آن لائن اسٹڈی کی جانب لے جائیں، انڈیا میں راجھستان اور دیگر اضلاع کی ہوا نے ملتان اور گوجرانولہ کو متاثر کیا، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار سے زائد ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ پرائمری سے ہائیر سیکنڈری تک اسکولز بند کر رہے ہیں، 17 نومبر سے لاہور، گوجرانولہ، فیصل آباد اور ملتان میں آن لائن اسکولنگ ہوگی، سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد افسران کام کریں گے، سرکاری دفاتر میں ذوم میٹنگز ہوں گی، ماسک ہر سطح پر ضروری کردیا گیا ہے، آئندہ 10 روز تک اسموگ کی شدت برقرار رہے گی۔ڈی جی ماحولیات پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بارہویں جماعت،اے لیولز تک بند رہیں گے،تمام تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز پرمنتقل ہوں گے،فیصلے کا اطلاق لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب پر ہوگا۔اس کے علاوہ گوجرانوالہ، گجرات، حافظہ آباد، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال میں بھی اسکولز بند رہیں گے،جبکہ فیصل آباد،چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،ملتان، لودھران، وہاڑی، خانیوال میں بھی اسکولز بند رہیں گے،اسکولز بند رہنے کے فیصلے کا اطلاق 7 سے 17 نومبر تک ہوگا۔