الیکشن کمیشن کو 60روز میں خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم

 پشاور(آئی این پی )پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کرانے سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی جبکہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو 60روز میں سینیٹ انتخابات سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن انعقاد کے حوالے سے درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ میں ہوئی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو 60روز میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا، فیصلہ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے تحریر کیا ہے۔عدالتی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سپیشل سیکرٹری لاء، الیکشن کمیشن نے الیکشن نہ کرانے کی کوئی تسلی بخش وجہ نہیں بتائی، الیکشن کمیشن 60روز میں کے پی میں سینیٹ انتخابات کرانے سے متعلق فیصلہ کرے۔