الیکشن کمیشن نے مراد سعید کی خالی سینیٹ نشست پر ضمنی الیکشن روک دئیے

 مراد سعید نے بطور سینیٹر حلف نہیں اٹھایا، اس لئے نشست کو خالی قرار دینے کا جواز  نہیں:درخواست گزار
الیکش کمیشن نے تمام امیدواروں اور سٹیک ہولڈر کو نوٹس جاری کردیئے‘جے یو آئی کا اپنا امیدوار لانے کافیصلہ
 پشاور (آئی این پی ) خیبرپختونخوا  سے سینیٹ کی  خالی نشست پر23اپریل کو ضمنی الیکشن تاحکم ثانی روک دئیے گئے، الیکشن کمیشن میں خیبرپختونخو ا  سے سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب سے متعلق اہم سماعت ہوئی، جس میں الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب اگلی سماعت تک روکنے کا حکم دیا، اسلام آباد میں ہونے والی سماعت کے دوران کمیشن نے تمام امیدواروں اور سٹیک ہولڈرز کو نوٹسز جاری کریئے۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔   دوران  سماعت درخواست گزار جلال خان اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا  مراد سعید نے بطور سینیٹر حلف ہی نہیں اٹھایا، اس لیے نشست کو خالی قرار دینے کا جواز موجود نہیں، اس معاملے میں قانونی و آئینی ابہام پایا جاتا ہے، اس لیے سینیٹ نشست پر انتخاب ملتوی کیا جائے، جس پر کمیشن نے سماعت 7 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے ضمنی انتخاب موخر کر دیا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کی خالی سینیٹ نشست پر صوبائی اپوزیشن نے جے یو آئی ف کے امیدوار کو نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں جے یو آئی ف کے مولانا عبدالحسیب ممکنہ طور پر متحدہ اپوزیشن کے متفقہ امیدوار ہوں گے۔