پاکستان پر عالمی قوتوں کا دبائو، مذاکرات ان کے دبائوپر ہو رہے تھے:جاوید لطیف

عالمی دبا ئوہے سی پیک نہ بنے، ایران اور چین سے دوری اختیار کر کے بھارت سے قربتیں بڑھائی جائیں
 جب دھوکے اور لالچ سے مذاکرات ہوں گے، تو نتیجہ یہی نکلے گا،لیگی رہنماکی نجی ٹی وی سے گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان پر عالمی قوتوں کا دبائوہے اور پی ٹی آئی سے مذاکرات ان ہی کے دبائوپر ہو رہے تھے۔ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان کے اوپرعالمی دبا ئوہے کہ سی پیک نہ بنے، ایران اور چین سے دوری اختیار کر کے بھارت سے قربتیں بڑھائی جائیں۔جاوید لطیف نے کہا کہ دبائو ان عالمی قوتوں کا ہے، جو پاکستان میں عدم استحکام چاہتی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو لانچ کرنیوالی قوتوں کے دبائو سے ہی مذاکرات ہو رہے تھے۔لیگی رہنما نے کہا کہ جب دھوکے اور لالچ سے مذاکرات کر رہے ہوں گے، تو نتیجہ یہی نکلے گا۔ لالچ یہ تھا کہ عالمی دبائو سے یہ ایسے شخص کو چھڑا لیں گے، جس نے پاکستان کی ریڈ لائن کراس کی۔ اس شخص نے 9مئی اور 26نومبر کر کے ادارے کے لوگوں کو اکسایا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو سپر پاور سے امید تھی اور وہ سمجھتے تھے کہ 20جنوری کو آنے والے اڈیالہ جیل کا دروازہ کھول کر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو لے جائیں گے۔ اگر ایسے شخص کو چھوڑا گیا تو آئندہ کیلئے مسلح جتھوں کے لیے دروازے کھولنے کے مترادف ہوگا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ ایک طرف پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ ہم کوئی غلام ہیں اور دوسری جانب اب جو غلام ہیں ، وہ لابنگ فرم ہائر کر کے اپنے لیے بھیک مانگ رہے ہیں۔