امریکہ نیو کلئیر پاور تک رسائی مانگ رہا ہے کیوں نہیں کہتے بانی پی ٹی آئی کو چھڑانے کیلئے دبائو ہے جاوید لطیف

 بانی پی ٹی آئی کو رہا کرا کے  اس کے احسان کا بدلہ چکانا چاہتے ہیں، ایران پر نظریں ہیں‘ چین کا عمل دخل ختم کرنا چاہتے ہیں یہ ان کی ضرورت ہے
دبائو میں آکر بانی پی ٹی آئی کو چھوڑا گیا تو قوم کھڑی ہوجائے گی‘ سول نافرمانی 9مئی سے بڑا جرم ہے:رہنما مسلم لیگ ن کی پریس کانفرنس

لاہور (سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں) مسلم لیگ  ن  کے  مرکزی رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے  پی ٹی آئی سے مذاکرات کی آڑ میں ہمیں بھاشن دیا جا رہا ہے، دبا ئوڈالا جا رہا ہے  کہ عمران خان کو رہا کیا جائے،کیوں نہیں کہتے کہ بانی  پی ٹی آئی کو چھڑوانے کے لیے دبائو ہے؟،اداروں کے ترجمان سچ بتا دیں وگرنہ قوم کا نقصان ہوگا، اداروں میں کچھ افراد سہولت کاری کر رہے ہیں،  سول نافرمانی 9 مئی سے بڑا جرم ہے، دبا ئومیں عمران کو چھوڑا گیا تو قوم کھڑی ہوگی‘قوم کو جنرل فیض حمید کی گرفتاری کی وجہ بتانی چاہیے، انہیں ہائوسنگ سوسائٹی کی وجہ سے گرفتار نہیں کیا گیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹائون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ  آج کے حالات میں پورا سچ نہیں بولا جا رہا، آج پورا سچ نہیں بولیں گے تو قوم قوم نہیں بن سکے گی۔ جاوید لطیف نے کہا کہ ایک جماعت لابنگ فورم ہائر کرکے ریاست کے خلاف لابنگ کررہی ہو اور ریاست کی لابنگ دنیا میں کیس پیش کرنے کے لیے کمزور نظر آ رہی ہو، لابنگ ہائر کرکے جس طرح پیسہ بولتا نظر آ رہا ہے فارن فنڈنگ ممنوع ہے تو آج یہ بولتی نظر آ رہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے متعلق جو زبان استعمال ہو رہی ہے تو جمہوریت یاد آرہی ہے، جمہوریت و انسانی حقوق لبنان شام غزہ و فلسطین میں نظر نہ آئے، پاکستان میں مارشل لا پر جمہوریت نظر نہیں آتی، جب 2018 میں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا گیا، اس وقت جمہوریت نظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ  قومی لیڈر جب شہید ہوئی تو کسی نے آواز نہ اٹھائی، ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت پر انسانی حقوق و آئین کی بالادستی نظر نہ آئے لیکن اس شخص کیلئے جمہوریت و انسانی حقوق نظر آ رہاہے، امریکی صدر مشکور ہے اس شخص کا وہ کشمیر کا مسئلہ حل کرکے دیا۔جاوید لطیف نے کہا کہ جب وہ امریکی دورے کے بعد آئے تو کہا جیسا دوسرا ورلڈ کپ جیت لیا، امریکا نیو کلئیر پاور تک رسائی مانگ رہا ہے، اگر خیرات کی زندگی ملنی ہے تو غیرت کی موت عزیز ہے، اگر ہمارے اندر مداخلت ہوگی یا ڈکٹیٹ کرکے غلام سمجھ کر کہے گا اس کو پکڑ لو، اس کو چھوڑ دو تو عوام نظر آئے گی‘جاوید لطیف  نے کہا کہ ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ  بانی پی ٹی آئی کو رہا کردو، حقیقت کیوں نہیں بتائی جاتی، دبا ئوہے  اس کو چھڑوانے کیلئے، اس کے احسان کا بدلہ چکانا چاہتے ہیں، ایران پر نظریں ہیں چین کا عمل دخل ختم کرنا چاہتے ہیں ان کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ایٹمی میزائل بھارت کے پاس ہے تو پاکستان کا بھی حق ہے، ہم بنائیں گے، کسی صورت عالمی قوتوں کے دبائو میں نہیں آئیں گے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ  ہم پیچھے نہیں رہیں گے، ڈالر نہیں، پھندا جھول لیں گے، آزادی پر کمپرومائز نہیں کریں گے