انسانی سمگلروں کو عبرتناک سزائیں دلائی جائیں شہبازشریف
سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے افراد کی گرفتاریوں میں تیزی لائی جائے، غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے دلخراش واقعہ پر مجھ سمیت پوری قوم مغموم ہے:ہفتہ وار اجلاس سے خطاب
پاکستانی نوجوانوں میں تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوانے کی صلاحیت ہے، نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں: وزیراعظم کی یونیورسٹی آف لندن کی وائس چانسلر سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم نے پاکستان میں انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے سدباب کیلئے خصوصی ٹاسک فورس قائم کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے واقعہ پر ہفتہ وار اجلاس ہوا جس میں پاکستان میں انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے سدباب کیلئے خصوصی ٹاسک فورس قائم کی گئی، ٹاسک فورس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ کے گروہوں کی نشاندہی کر کے انہیں عبرتناک سزا دلوانے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث انسانیت کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ملوث گروہوں کے افراد کی گرفتاریوں میں تیزی لائی جائے، تمام ادارے بشمول وزارت خارجہ انسانی سمگلروں کی نشاندہی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے دلخراش واقعے پر مجھ سمیت پوری قوم مغموم ہے۔وزیراعظم کو اجلاس میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات میں ملوث گروہوں، پاکستان میں مختلف اداروں کی جانب سے گرفتاریوں، ایف آئی آرز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دریں اثناو وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں زندگی کے تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوانے اور ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت موجود ہے، ہم اپنے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف سے یونیورسٹی آف لندن کی وائس چانسلر وینڈی تھامسن نے ملاقات کی۔ وینڈی تھامسن نے وزیراعظم شہباز شریف کو ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے حالیہ اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری یونیورسٹی آف لندن اور دیگر معروف بین الاقوامی تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد عالمی مارکیٹ میں اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔پاکستانی نوجوانوں میں زندگی کے تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوانے اور ملک کا نام روشن کرنے کی مکمل استعداد موجود ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر بیرون ملک اسکالرشپ اور ملازمت کے لیے بھیجنے کے لیے متعدد پروگرام متعارف کر چکی ہے اور نئی حکمت عملیوں پر کام جاری ہے۔ہم اپنے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔