امریکہ ہمیں ہماری اوقات دکھا رہا ہے،جوبائیڈن نے اپنے بیٹے کی سزا معاف کر دی لیکن ہمارے قیدی کی نہیں:جسٹس سردار اعجاز اسحاق
اسلام آباد(آن لائن )وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیاہے امریکہ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل مسترد کر دی،جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس میں کہا امریکہ ہمیں ہماری اوقات دکھا رہا ہے، سابق امریکی صدر نے اپنے بیٹے کی سزا تو معاف کر دی لیکن ہمارے قیدی (عافیہ) کو رہا نہیں کیا۔انھوں نے یہ ریمارکس جمعہ کے روزدیے ہیں،جبکہ وزیراعظم اور وزیرِخارجہ کے بیرون ممالک دوروں کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی، وزارتِ خارجہ نے عدالتی سوالات کے جوابات پر مشتمل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی ،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے سماعت کی۔عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ سابق امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل مسترد کردی، امریکا نے پاکستان کے ساتھ قیدیوں کی رہائی کیلئے معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔