ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بھتیجے کو ہیوسٹن میں قتل کر دیا گیا

 نامعلوم ملزمان عماد صدیقی کو گولی مار کر فرار ہو گئے حملہ آور کرسلر گاڑی میں سوار تھے
ہیوسٹن (آئی این پی )ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے 18 سالہ بھتیجے عماد صدیقی کو ہیوسٹن میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جس نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ آلٹن میں پیش آیا جہاں کار جیکنگ کے دوران نامعلوم ملزمان نے عماد صدیقی کو گولی مار دی اور موقع سے فرار ہو گئے حملہ آور ایک کرسلر گاڑی میں سوار تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مشتبہ افراد کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ پاساندا پولیس ڈپارٹمنٹ ملزمان کی گرفتاری کے لیے متحرک ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ادھر عماد صدیقی کی نماز جنازہ مسجد صابرین میں ادا کی گئی جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اس وقت امریکہ میں دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت قید ہیں، اور اس واقعے کے بعد شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔