اسلام آباد: پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو خطے میں مضبوط اور موثر قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس نے حالیہ دنوں میں اسرائیلی ساختہ جدید ڈرون Heron MK 2 کو مار گرایا ہے، جو بھارت استعمال کر رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق Heron MK 2 35 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے انٹی ائیر کرافٹ گن سے نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔ اس ڈرون کا انجن برطانوی کمپنی UAV Engines LTD تیار کرتی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کو آزاد کشمیر، مریدکے، احمدپور شرقیہ سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں پر کیے گئے بزدلانہ حملوں کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ اس میں بھارت کے 5 جنگی طیارے، متعدد پوسٹیں اور ایک کومبیٹ ڈرون تباہ کیے گئے تھے، جس کے بعد بھارت کی جانب سے بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ڈرونز کے ذریعے حملے کیے جا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کے یہ اقدامات اس کی پریشانی اور دفاعی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔ پاکستان میں مختلف مقامات سے مار گرائے گئے اسرائیلی ساختہ Herop ڈرونز کا ملبہ بھی جمع کر لیا گیا ہے۔پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ "افواجِ پاکستان دشمن کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور بھارت کے تمام جارحانہ عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔"