کسی ناخوش گوار واقعے کی ذمے داری ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی اور ہیڈ ٹیچر پر آئے گی
لاہور(آئی این پی )پنجاب کے تمام خطرناک عمارتوں والے اسکولز کو خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا ۔محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام ضلعی اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کر دیا۔محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق کسی بھی صورت طلبہ کو خطرناک عمارتوں میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، کوئی طالب علم ایسی عمارتوں میں بیٹھ سکے گا نہ پڑھ سکے گا۔محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام خطرناک اور جزوی خطرناک اسکولز کی عمارتوں کو سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطرناک، جزوی خطرناک سرکاری اسکولز کی بلڈنگز پر سائن بورڈ آویزاں کیے جائیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی ناخوش گوار واقعے کی ذمے داری ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی اور ہیڈ ٹیچر پر آئے گی۔