وفاقی حکومت کی جانب سے پابندی کے بعد پنجاب اسمبلی اور اہم دفاتر میں نیٹ میٹرنگ روک دی گئی
لاہور (آن لائن) وفاقی حکومت کی جانب سے نیٹ میٹرنگ منصوبے پر پابندی کے بعد پنجاب حکومت نے اپنی متعدد اہم عمارات میں نیٹ میٹرنگ معطل کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ انرجی پنجاب نے اس سلسلے میں لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو باقاعدہ مراسلہ بھیج دیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی اور پرانی عمارت میں نیٹ میٹرنگ کا عمل معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ سپیکر ہاؤس، پیپل ہاؤس اور ایم پی اے ہوسٹل میں بھی سولر سسٹمز کے تحت نیٹ میٹرنگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے مختلف سرکاری دفاتر میں نیٹ میٹرنگ کے لیے فائلیں جمع کروا رکھی تھیں، تاہم فائلیں مکمل ہونے کے باوجود منظوری روک دی گئی۔ وزارت پاور ڈویژن نے گزشتہ ماہ لیسکو کو نیٹ میٹرنگ سے متعلق فائلوں کی منظوری سے روکنے کی ہدایات جاری کی تھیں