پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب عہدوں پر سفارشی لوگوں کو بٹھایا جائے گا تو کرکٹ تباہ ہوگی۔
عمران خان کی ہمشیرہ، علیمہ خان، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کو آج سب سے زیادہ غصہ کرکٹ پر تھا۔ انہوں نے پاکستان کا میچ پی ٹی وی پر دیکھا اور میچ ہارنے کی وجہ سے سارا غصہ کرکٹ پر اتارا۔ عمران خان نے کہا کہ جب سفارشی لوگوں کو عہدوں پر بٹھایا جائے گا تو کرکٹ تباہ ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی کو مختلف عہدوں پر تعینات کیا گیا، جنہوں نے ہر جگہ ظلم کیا اور کرکٹ کا بیڑہ غرق کیا۔ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ محسن نقوی سے پوچھا جائے کہ انہیں کرکٹ کا کیا تجربہ ہے۔علیمہ خان نے مزید بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے متعلق صرف پارٹی کے عہدیدار بات کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی ہنسی کا اظہار کیا کہ بعض لوگوں نے افواہیں پھیلائیں کہ وہ بے ہوش ہو کر گر پڑے، حالانکہ ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی پر سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ نے بھی ٹیم کی کارکردگی اور مینجمنٹ پر تنقید کی ہے۔ سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم پرانی طرز کی کرکٹ کھیل رہی ہے اور کھلاڑیوں کا مائنڈ سیٹ جدید طرز کی کرکٹ سے ہم آہنگ نہیں ہے۔ سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سلیکشن پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ میں ماہر اسپنرز کی کمی خراب سلیکشن کو ظاہر کرتی ہے۔چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی ناقص کارکردگی کے بعد کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ کرکٹ بورڈ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو ٹورنامنٹ کے بعد ان کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ مزید برآں، سلیکشن کمیٹی کی تبدیلی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر کپتان محمد رضوان کی قیادت اور سست بیٹنگ پر بھی تنقید کی ہے، جسے ٹیم کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی نے شائقین اور سابق کھلاڑیوں کو مایوس کیا ہے، اور ٹیم کی بہتری کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔