اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان سے ملاقات نہ کروانے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے۔
عدالت نے سیکرٹری داخلہ، جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ حکام کو طلب کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔جسٹس ارباب محمد طاہر کی سربراہی میں عدالت عالیہ نے وکیل سلمان اکرم راجا کی درخواست پر سماعت کی، جو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کے تحریری حکم کے باوجود گزشتہ منگل کو عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایچ او اعزاز نے عدالتی حکم کو تسلیم نہیں کیا، اس لیے عدالت نے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو ان کے ساتھ بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ عدالت قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔ اس کے علاوہ، عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ سلمان اکرم راجا کی جیل میں ملاقات کا معاملہ دیکھیں۔ جج نے استفسار کیا کہ اگر سلمان اکرم راجا جیل میں ملاقات نہیں کر سکتے تو وہ ٹوئٹر ایکس کیس میں عدالت کی معاونت کیسے کریں گے۔عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کیا اور استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود ملاقات کیوں نہیں ہوئی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے مؤقف دیا کہ وہ متعلقہ حکام کو دوبارہ آگاہ کریں گے۔
بعد ازاں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ کیس کی آئندہ تاریخ تحریری حکمنامے میں جاری کی جائے گی۔