ملک میں معاشی استحکام سے کاروباری سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں: گورنر پنجاب

ملک میں معاشی استحکام سے کاروباری سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں: گورنر پنجاب

لاہور:گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام آنے سے کاروباری سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، اگر سیاسی استحکام برقرار رہا تو چند سالوں میں پاکستان معاشی طور پر مزید بہتر ہو جائے گا۔

گورنر پنجاب نے مختلف چیمبرز آف کامرس سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے کامیاب بزنس مینوں کو میڈلز اور شیلڈز سے نوازا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چیمبرز سے منسلک کاروباری افراد نے نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی بزنس مین ملک کا اثاثہ ہیں، اور جب بھی پاکستان کو مشکل وقت کا سامنا ہوا، اوورسیز پاکستانیوں اور کاروباری طبقے نے آگے بڑھ کر ملک کی مدد کی۔سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے، کیونکہ وہ ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔