بانی پی ٹی آئی جیل معاملات پر چیف جسٹس کو خط لکھیں گے، سلمان اکرم راجہ

بانی پی ٹی آئی جیل معاملات پر چیف جسٹس کو خط لکھیں گے، سلمان اکرم راجہ

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ جیل کا نظام نادیدہ قوتوں کے زیر اثر ہے اور اس حوالے سے چیف جسٹس کو خط لکھوں گا۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے طویل وقفے کے بعد ملاقات ہوئی، ہمیں ان کی صحت سے متعلق تشویش تھی لیکن وہ بالکل ٹھیک ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ چھ ماہ میں صرف چوتھی مرتبہ بچوں سے بات کرائی گئی ہے۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کے رویے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ چیف جسٹس کو خط لکھ کر جیل کے معاملات پر توجہ دلائیں گے۔سلمان اکرم راجہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سندھ کے حقوق کے لیے پی ٹی آئی کے کردار پر زور دیا اور کہا کہ پارٹی عوام کے لیے سیاست کر رہی ہے۔ پنجاب میں روزانہ فسطائیت کے نئے واقعات سامنے آ رہے ہیں، عوام کی نظریں ہم پر ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ پارٹی کے جو ارکان حکومتی عہدوں پر ہیں، وہ پارٹی عہدے چھوڑ دیں۔

 چیف جسٹس سے ملاقات بھی عمران خان کی اجازت سے ہوئی اور ان کے سامنے صورتحال رکھی جائے گی۔پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ عمران خان کرکٹ کی صورتحال پر افسردہ تھے، ان کے مطابق کرکٹ کو ناتجربہ کار لوگوں کے حوالے کر کے تباہ کر دیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی عوام کی کرکٹ سے گہری وابستگی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 26ویں ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالنے والے افراد کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں جبکہ جو لوگ غائب تھے یا رابطے میں نہیں تھے، ان کے بارے میں فرداً فرداً فیصلہ ہوگا۔انہوں نے تصدیق کی کہ شیر افضل مروت بدستور پارٹی سے باہر ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق کام کر رہے ہیں۔