اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 5 اگست کا احتجاج عوام کے لیے بانی پی ٹی آئی کی کال پر کیا جارہا ہے، جو موجودہ نظام سے بیزاری کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر گاؤں، چوک اور گلی میں احتجاج ہوگا کیونکہ آرٹیکل 15، 17 اور 19 کے تحت پُرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے۔سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ الیکشن لوٹنے اور ممبران کو نااہل کرنے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، کیسز میں غیر معمولی پھرتی دکھا کر لوگوں کو نااہل اور جیل میں ڈالا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں گھروں سے گرفتاریاں کی جارہی ہیں، لیکن ہم پھر بھی اپنی جگہ کھڑے ہیں۔ پارٹی ورکر اور تنظیم آئین و قانون کے مطابق اپنی آواز بلند کریں گے۔