اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ بانی تحریک انصاف کے بیٹوں کا پاکستان واپس آنا ان کا بنیادی حق ہے، وہ ضرور آئیں گے۔
کے پی ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ لاہور روانہ ہونے والا قافلہ صرف بات چیت اور ملاقاتوں کے لیے جا رہا ہے۔ قافلے کا مقصد مشاورت ہے، آج اور کل اجلاس ہوں گے اور پھر واپسی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے ہمارا بنیادی حق ہے، مگر ہمیں اس سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ہم عوام سے ملاقات کریں، ان کے مسائل سنیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ قافلہ نمازِ ظہر جہلم کے قریب ادا کرے گا، جبکہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت رات کو لاہور میں قیام کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے آئے رہنماؤں کے لیے رہائش کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پنجاب اسمبلی میں معطل ارکان سے اظہار یکجہتی اور سیاسی حکمت عملی پر بات چیت کی جا رہی ہے۔