بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو تحریک میں شامل ہونے کا آئینی حق حاصل ہے:سلمان اکرم راجہ

 بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو تحریک میں شامل ہونے کا آئینی حق حاصل ہے:سلمان اکرم راجہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور قانونی ماہر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کا تحریک کا حصہ بننا ان کا آئینی اور اخلاقی حق ہے، جبکہ فیملی تعلق کو تحریک سے الگ رکھنا درست نہیں ہوگا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا یہ حق بنتا ہے کہ ان کی سزا معطلی کی درخواست کو جلد سنا جائے۔ انہوں نے عدالتی عمل میں تیزی لانے پر زور دیا۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سیاسی جدوجہد اور عوامی تحریکیں جمہوری حق ہیں، جیسا کہ ماضی میں بے نظیر بھٹو نے بھی اپنی پارٹی کے حقوق کے لیے تحریکیں چلائیں۔ "اپنے حق کے لیے باہر نکلنا غلط نہیں، تاریخ میں کئی کئی دن سڑکوں پر تحریکیں چلائی گئیں"۔انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے سے کہا کہ وہاں 85 فیصد نشستیں پی ٹی آئی کے پاس ہیں، مگر پھر بھی انہیں دو تہائی اکثریت نہیں ملی، اس لیے صوبے کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی بات کرنا ناقابل فہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو تہائی اکثریت کے لیے مخصوص نشستیں ملنے کے باوجود درکار تعداد پوری نہیں ہوئی۔علی امین گنڈاپور کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی صفوں سے کوئی خطرہ نہیں، اگر ان کے خلاف بیرونی سازش ہوتی ہے تو ہم اس کا مقابلہ کریں گے۔سلمان اکرم راجہ نے موجودہ سیاسی صورتحال پر آئینی اور قانونی اصولوں کے مطابق چلنے کی ضرورت پر زور دیا۔