پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم "نایاب – نام یاد رکھنا" عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہی ہے، اور اس کی کامیابی کا سفر ایک سال بعد بھی جاری ہے۔
گزشتہ برس کانز فلم فیسٹیول میں دو اعزاز اپنے نام کرنے والی اس فلم نے اب ساؤتھ ایشین انٹرنیشنل فلم فیسٹیول فلوریڈا میں بھی بہترین فیچر فلم اور بہترین اداکارہ کے دو بڑے اعزاز جیت لیے۔ساؤتھ ایشین انٹرنیشنل فلم فیسٹیول فلوریڈا نے "نایاب – نام یاد رکھنا" کو بہترین فیچر فلم کے ایوارڈ کے لیے چُنا، جبکہ فلم کی مرکزی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے بہترین اداکارہ کا اعزاز اپنے نام کیا۔یہ فلم کرکٹ پر مبنی ایک متاثر کن کہانی پیش کرتی ہے، جس میں کرکٹ کو صرف ایک کھیل نہیں بلکہ زندگی کی جدوجہد اور خوابوں کی تعبیر کے طور پر دکھایا گیا ہے۔
"نایاب" فلم کی پیشکش رومینہ عمیر اور عمیر عرفانی نے کی، جبکہ اس کا اسکرین پلے علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے تحریر کیا ہے۔فلم کی کاسٹ میں یمنیٰ زیدی، جاوید شیخ، عدنان صدیقی، محمد فواد خان، عثمان خان، احتشام الدین، فریال محمود، امِ ہانی طہٰ سمیت دیگر معروف فنکار شامل ہیں۔یہ فلم 26 جنوری 2023 کو ریلیز ہوئی تھی اور تب سے عالمی سطح پر اپنی منفرد کہانی اور جاندار اداکاری کی بدولت متعدد ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہے۔