شاہ رخ خان کے نائٹ رائیڈرز گروپ کا امریکا میں پہلا بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم قائم

شاہ رخ خان کے نائٹ رائیڈرز گروپ کا امریکا میں پہلا بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم قائم

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے شریک ملکیتی نائٹ رائیڈرز گروپ نے عالمی کرکٹ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے امریکا میں اپنا پہلا بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم قائم کر لیا ہے۔

یہ اسٹیڈیم لاس اینجلس میں تعمیر کیا گیا ہے، جہاں پہلی بار میجر لیگ کرکٹ (MLC) کا میچ بھی کھیلا گیا۔ اس میچ میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز اور واشنگٹن فریڈم کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، جس کے ساتھ اس گراؤنڈ نے باقاعدہ طور پر عالمی کرکٹ میں اپنی موجودگی درج کرائی۔نائٹ رائیڈرز کرکٹ گراؤنڈ کو صرف ایک اسپورٹس وینیو کے طور پر نہیں بلکہ لاس اینجلس میں کرکٹ کے مستقل مرکز کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جہاں مستقبل میں بین الاقوامی اور ڈومیسٹک سطح کے بڑے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیے گئے اس میدان میں آٹھ وکٹوں پر مشتمل مین اسکوائر تیار کیا گیا ہے جبکہ گراؤنڈ کے طول و عرض کو آئی سی سی کے تقاضوں کے مطابق رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم میں جدید ترین 120 فٹ بلند چھ فلڈ لائٹ ٹاورز بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ رات کے وقت بھی اعلیٰ معیار کے میچز ممکن ہو سکیں۔منصوبے کی تکمیل کے لیے 32 ہزار میٹرک ٹن سے زائد مٹی منتقل کی گئی، جس سے گراؤنڈ کی تیاری اور ہموار سطح کو یقینی بنایا گیا۔

شاہ رخ خان نے اس موقع پر کہا کہ یہ وہ خواب تھا جو برسوں پہلے دیکھا گیا تھا اور اب حقیقت میں بدل چکا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صرف کرکٹ میچز کا انعقاد نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں کھیل، تفریح، خاندان اور کمیونٹی ایک ساتھ جڑ سکیں۔نائٹ رائیڈرز اسپورٹس کے سی ای او وینکی میسور نے اس پیش رفت کو فرنچائز کی عالمی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق کرکٹ کے فروغ کے لیے جدید اور عالمی معیار کا انفراسٹرکچر ناگزیر ہے، اور یہ اسٹیڈیم اسی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔واضح رہے کہ نائٹ رائیڈرز گروپ اس وقت تین براعظموں میں چار مختلف فرنچائزز کا مالک ہے، جن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز، ٹرِنباگو نائٹ رائیڈرز، ابوظبی نائٹ رائیڈرز اور لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز شامل ہیں۔ گروپ اب تک مختلف لیگز میں مجموعی طور پر نو بڑے ٹائٹلز بھی اپنے نام کر چکا ہے۔