فرانس بھر میں بجٹ کٹوتیوں کے خلاف لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل برسائے جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔پولیس نے ہنگامہ آرائی اور پرتشدد واقعات میں ملوث 300 سے زائد افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
احتجاج کے منتظمین کا کہنا ہے کہ مظاہروں میں کم از کم 10 لاکھ افراد شریک ہوئے جبکہ سرکاری حکام کے مطابق تقریباً 5 لاکھ مظاہرین نے صدر ایمانویل میکرون کی پالیسیوں اور بجٹ کٹوتیوں کے خلاف احتجاج کیا۔مظاہرین نے حکومت سے بجٹ کٹوتیوں کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔