نئی دہلی (ڈنیٹ نیوز) بنگلور میں ایک شخص نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ کے گھر جا کر دو کاروں اور ایک بائیک کو آگ لگا دی۔ یہ واقعہ جنوبی بنگلور کے سبرا منیا پورہ پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق ملزم کی شناخت راہول کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک مجرمانہ پس منظر رکھتا ہے۔ اسے ‘سٹار راہول’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور اس پر قتل کی کوشش اور منشیات کی سمگلنگ سمیت درجنوں مقدمات درج ہیں۔ اطلاعات کے مطابق 2022 میں پولیس سے فرار کی کوشش کے دوران اسے گولی بھی ماری گئی تھی۔ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات راہول اپنے ایک ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر اپنی سابقہ گرل فرینڈ کے والد کے گھر پہنچا۔ وہاں پہنچ کر اس نے شور مچایا اور اپنے رشتے کے خاتمے کا الزام اس کے والد پر عائد کیا۔ تاہم جب اسے وہاں کوئی نہ ملا تو وہ پارکنگ ایریا میں گیا اور سابقہ گرل فرینڈ کے بھائی کی بائیک کو آگ لگا دی۔اس کے بعد راہول سیدھا آری ہلی کے ایک اور اپارٹمنٹ پہنچا جہاں اس کی سابقہ گرل فرینڈ اپنی ماں کے ساتھ رہتی تھی۔ وہ عمارت کے بیسمنٹ میں داخل ہوا اور اس کی ماں کی گاڑی کو آگ لگا دی جس سے قریب کھڑی ایک اور گاڑی بھی متاثر ہوئی۔ جب ایک سیکیورٹی گارڈ نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو راہول نے اس پر حملہ کر دیا اور فرار ہو گیا۔ پولیس نے اس کے خلاف تین مقدمات درج کر لیے ہیں اور اس کی تلاش جاری ہے۔