بنگلور(آئی این پی )بھارتی شہر بنگلور کی پولیس نے ایک بدنام زمانہ چور کو گرفتار کر لیا ، جس نے چوری کے ذریعے حاصل کی گئی رقم سے اپنی گرل فرینڈ کے لیے 3 کروڑ روپے کا شاندار گھر تعمیر کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پکڑا جانے والے 37سالہ چور پنچ اکشری سوامی کا مجرمانہ ریکارڈ دو دہائیوں پر محیط ہے۔ مہاراشٹرا کے سولاپور سے تعلق رکھنے والا سوامی کوئی عام چور نہیں تھا، بلکہ اس کا طرزِ زندگی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں تھا۔حیران کن طور پر، وہ شادی شدہ اور ایک بچے کا باپ تھا، لیکن اس کے باوجود عیاشی اور عورتوں سے تعلقات کے لیے بدنام تھا۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ 2014-15 میں سوامی نے ایک مشہور اداکارہ پر لاکھوں روپے خرچ کیے۔ اس نے اداکارہ کو 22لاکھ روپے کا ایک قیمتی ایکویریم تحفے میں دیا اور کولکتہ میں 3کروڑ روپے کی لاگت سے ایک عالیشان گھر بھی بنایا۔ 9جنوری کو سوامی نے بنگلور کے مدیوالا علاقے میں ایک بڑی چوری کی، مگرپولیس نے ٹیکنالوجی کے ذریعے اس کا سراغ لگا کر مدیوالا مارکیٹ کے قریب گرفتار کر لیا۔ سوامی آئرن راڈ اور فائر گن سے چوری شدہ سونے کو پگھلا کر سونے کی اینٹوں میں تبدیل کر دیتا تھا۔