ریلوے اپ گریڈیشن منصوبہ ادھورا

سکھر کے بعد اب لاہور ڈویڑن میں بھیمسافر اور مال بردار ٹرینوں کا پٹڑی سے اترنا معمول بن گیا
لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان ریلویز کو اپ گریڈ کا منصوبہ مکمل ہی نہ ہو سکا جس کی وجہ سے آئے روز مسافر اور مال بردار ٹرینیں ڈی ریل ہونے لگی ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق انتظامیہ مسافروں کو محفوظ سفری سہولت دینے میں ناکام نظر آتی ہے۔سکھر کے بعد اب لاہور ڈویڑن میں بھی ٹرینوں کا پٹڑی سے اترنا معمول بن گیا ہے۔لاہور ڈویڑن میں ایک ماہ کے دوران 4 ٹرینیں پٹڑی سے اتر گئیں۔ 31جنوری کو شاہدرہ پل پر شالیمار ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا، جس میں ٹرین کی 3 بوگیاں ڈی ریل ہوئیں۔ 18فروری کو مغلپورہ کینال بریج پر مال گاڑی کی ایک کوچ پٹڑی سے اتری۔ 20فروری کو بھی کوٹ رادھا کشن میں مال گاڑی کو حادثہ پیش آیا اور 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ 22فروری کو اوکاڑہ میں مال گاڑی کو افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں 5سے زائد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور مال گاڑی کا انجن ٹریک سے ملحقہ مین روڈ پر پہنچ گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ریلوے ٹریک خستہ حالی کا شکار ہے۔بوگیاں اترنے کے واقعات میں کسی افسر کو سزا نہیں دی گئی۔