پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی دو ماہ میں 118 ارب روپے کی ریکوری، تفصیلات جاری

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی دو ماہ میں 118 ارب روپے کی ریکوری، تفصیلات جاری

اسلام آباد میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صرف دو ماہ میں 118 ارب 53 کروڑ روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے۔

یہ اعداد و شمار چیئرمین پی اے سی جنید اکبر خان نے پیش کیے اور بتایا کہ یہ دعویٰ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا نہیں بلکہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے اعداد و شمار پر مبنی ہے۔اجلاس کے دوران وزارت آبی وسائل اور واپڈا میں 58 گاڑیوں کے غیر مجاز استعمال پر شدید بحث ہوئی۔ آڈیٹر جنرل کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2021 سے 2023 کے دوران مختلف ماڈلز کی 58 گاڑیاں غیر مجاز افسران کو الاٹ کی گئیں، حالانکہ یہ گاڑیاں منصوبہ جات کے لیے مخصوص تھیں۔ اس غلط استعمال سے قومی خزانے کو 15 کروڑ 32 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

سیکریٹری آبی وسائل نے بتایا کہ ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی (DAC) نے فیصلہ کیا ہے کہ اس معاملے میں ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا اور 60 دنوں میں انکوائری مکمل کر لی جائے گی۔ تاہم چیئرمین پی اے سی جنید اکبر نے معاملے کی سنگینی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "یہ لپا لپ نہیں چلے گا، یہ ایک آسان معاملہ ہے، ایک ماہ میں انکوائری مکمل کی جائے۔"اجلاس میں بدعنوانی اور غلط استعمال کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا گیا، جب کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔