عمران خان ملک اور افواج کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں:اعظم سواتی

عمران خان ملک اور افواج کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں:اعظم سواتی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اعظم سواتی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ملک اور افواج کے لیے ایک بہت بڑا اثاثہ ہیں۔

اعظم سواتی نے لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سالمیت خطرے میں ہے، اور جب قومی معاملات مجرموں کے حوالے کر دیے جائیں تو ملک تباہی کی طرف جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیصلہ سازوں کو چاہیے کہ وہ ملک کو درست سمت میں لے کر آئیں، کیونکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حالات انتہائی خراب ہو چکے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ سب سے بڑا لیڈر بانی پی ٹی آئی بے گناہ جیل میں قید ہے، جبکہ عوام اور فوج کے درمیان خلیج بڑھتی جا رہی ہے، جسے کم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ خلیج کس نے اور کن عوامل کی وجہ سے پیدا کی؟اعظم سواتی نے امید ظاہر کی کہ جس طرح وہ خود عدالتوں سے سرخرو ہوئے ہیں، اسی طرح بانی پی ٹی آئی بھی جلد باعزت طور پر رہا ہو جائیں گے۔مزید برآں، انہوں نے لاہور میں جلسے کی اجازت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں جلسہ کرنے دیا جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔پی ٹی آئی رہنما نے چیلنج دیا کہ اگر حکومت چاہتی ہے تو ایک ہی دن دو جلسے کروا لے، ایک ان کا اور دوسرا حکومت کا، تب معلوم ہو جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔