مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے صدر آذربائیجان
ایل این جی کی خرید و فروخت کے فریم ورک معاہدے میں ترمیمی معاہدہ، سٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور ایف ڈبلیو او میں مچلکے ٹھلیاں وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے، سٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور پاکستان ریفائنری میں معاہدے
دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کو بڑھائیں گے، کارا باخ کے مسئلے پر آذربائیجان کی حمایت جاری رکھیں گے:شہبازشریف‘ دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط میں اضافہ ہوگا:صدر الہام علیوف
باکو(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط کر دیئے گئے۔وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے آذر بائیجان کے ساتھ طے پانیوالے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا اور 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں دستخط ہوں گے، دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کو بڑھائیں گے، گوادر بندرگاہ علاقائی تجارت کیلئے انتہائی اہم ہے،آذربائیجان کی علاقائی خودمختاری اورسلامتی کی حمایت کرتے ہیں ، کارا باخ کے مسئلے پر آذربائیجان کی حمایت جاری رکھیں گے،کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری ہے، مشرق وسطی میں پائیدار امن کیلئے دو ریاستی حل ناگزیر ہے ۔تفصیلات کے مطابق دو روزہ دورہ آذربائیجان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے صدارتی محل میں ون آن ون ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران ملاقات اقتصادی تعاون اور تجارت کے فروغ سمیت دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالککے مابین مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے شرکت کی، تقریب کے دوران پاکستان اور آذربائیجان میں ایل این جی کی خرید و فروخت کے فریم ورک معاہدے میں ترمیمی معاہدہ ہوا۔اس موقع پر سٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور ایف ڈبلیو او میں مچلکے ٹھلیاں وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی مفاہمتی یادداشت اور سٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔آذربائیجان کے شہر نخ چیوان اور پاکستان کے شہر لاہور کے درمیان ثقافتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔ اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے دورے کی دعوت اور بھرپور میزبانی پر صدر الہام علیوف کا مشکور ہوں، آذربائیجان کے صدر کے ساتھ انتہائی تعمیری مذاکرات ہوئے، صدر الہام علیوف کی پاکستانی عوام کے ساتھ لگا پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ دوستی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سطح پر تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، باہمی مفاد کے مشترکہ منصوبوں سے دونوں ملکوں کے عوام مستفید ہوں گے، باکو کی طرز پر اسلام آباد کو بھی خوبصورت شہر بنانے میں مصروف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا ہے، 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں اسلام آباد میں دستخط ہوں گے، قریبی دوطرفہ تعلقات کو معاشی میدان میں بھی وسعت دینی ہے، دوطرفہ تعاون کے معاہدوں کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کی علاقائی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کرتے ہیں، کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کی حمایت جاری رکھیں گے۔