چیف جسٹس کا ڈیرہ اسماعیل خان جیل کا دورہ ، مسائل سنے

مختلف بیرکس میں گئے‘چیف جسٹس سے ٹانک اور وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ کے ججوں کی ملاقات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان جیل کا دورہ کیا۔سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے قیدیوں کے مسائل سنے اور جیل میں مختلف بیرکس کا دورہ کیا۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس نے قیدیوں کو میسر صحت سہولیات کا جائزہ لیا، اْن کا دورہ ریفارمز پالیسی کاحصہ تھا، انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز سے بھی ملاقات کی۔اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات میں ٹانک اور وزیرستان کی ضلعی عدلیہ کے ججزنے بھی شرکت کی، ان کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں اصلاحات ترجیح ہیں۔