عوام کو ریلیف نہیں مل رہا ،پہلے مرحلے میں مرکزی شاہراہوں پر دھرنے دیئے جائیں گے
گورنر ہائوس اور پھر وزیر اعلی ہائوس کا گھیرا ئوکیا جائے گا :امیر جماعت اسلامی کی اجلا س کے بعد گفتگو
لاہور(آئی این پی )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے رمضان المبارک کے بعد بڑی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے معاہدہ میں تبدیلی کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں مل رہا ،پہلے مرحلے میں مرکزی شاہراہوں پر دھرنے دیں گے ، گورنر ہائوس اور پھر وزیر اعلی ہائوس کا گھیرا ئوکیا جائے گا ، حکومت کے پاس پھر عوام کو ریلیف دینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی کی مجلس شوری کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس ہوا جس میں عوام کے حقوق کے لیے جاری تحریک سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ،حافظ نعیم نے کہا کسا ن اگر جگہ جگہ اپنے حق کیلئے نکلیں گے تو حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے، جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کرے گی، حکومت فارم 45 کی ہونی چاہیے، ہماری تحریک جاری ہے،تصادم کرنے سے معاملات حل نہیں ہوتے، پرامن سیاسی مزاحمت ہی مسئلے کا حل ہوتا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ریئل اسٹیٹ بلڈرکی طرح رویہ رکھے ہوئے ہیں، فلسطینی قوم اپنی غیرت کا سودا نہیں کرنے دے گی