وسائل پر قابض طبقہ اور افسر شاہی ملک کو نوآبادیاتی طرز پر چلا رہے ہیں: حافظ نعیم

دستوری اعتبار سے پاکستان اسلامی ملک  ہے عملی طور پر یہاں انگریز کا نظام چل رہا ہے
مدارس کے معلمین ، علما اکرام و طلبا اسلام کے جامع تصور کو عام کریں:جامعہ اشرفیہ میں خطاب
لاہور(خصوصی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے  وسائل پر قابض مراعات یافتہ طبقہ اور افسر شاہی ملک کو اب تک نوآبادیاتی طرز پر چلا رہے ہیں، دستوری اعتبار سے پاکستان اسلامی ملک ، عملی طور پر یہاں انگریز کا نظام چل رہا ہے۔ مدارس کے معلمین ، علما اکرام و طلبا اسلام کے جامع تصور کو عام کریں ، امت کو جوڑنا ان کی پہلی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اشرفیہ لاہور کے دورہ کے موقع پر اساتذہ اور طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے مولانا فضل رحیم کی عیادت کی اور بزرگ عالم دین کی دینی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔انہوں نے کہا  مغرب کا سرمایہ دارانہ نظام دنیا پر مسلط ہے جس سے معیشت ، سیاست ، اخلاقیات سمیت ہر شعبہ تباہی کا شکار ہے، اسلامی دنیا کو تقسیم کردیا گیا، امت گروہوں میں بٹ چکی ہے ، اہل فلسطین پر سو سال سے زائد عرصہ سے ظلم ہورہا ہے ، کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جار ہے ہیں اور اس ساری صورتحال میں عالمی استعمار اور اس کے آلہ کار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔