پیکا قانون آزادی اظہار رائے پر حملہ،حکمران مہنگائی میں کمی بارے مسلسل جھوٹ بول رہے :امیر جماعت اسلامی
پشاور ( خصوصی رپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کو بہت وقت دے دیا، رمضان کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کے خلاف بڑی تحریک کا آغاز کریں گے۔ حکمران اتنے گرچکے، آئی ایم ایف کو اعلیٰ عدالت تک بھی پہنچ فراہم کردی، قوم کی خودمختاری اور آزادی کا اس سے بڑھ کر کیا سودا ہوگا؟ ملک کا المیہ کہ یہاں سیاست، عدالت اور صحافت پر مکمل کنٹرول قائم ہوچکا ہے، مرضی کے نتائج کے لیے طاقت کا استعمال ہوتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیکا قانون آزادی اظہار رائے پر حملہ، اسے ختم کیا جائے، صحافیوں کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔کرم میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس ہے،فغان سرزمین کسی صورت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ ڈونلڈ ٹرمپ رئیل سٹیٹ ایجنٹس کی طرح بیانات داغ رہے ہیں، آنے والے دنوں میں اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق پاکستان پر دبا ئو بڑھے گا، حکمران ایسا کرنے کی جرات نہ کریں۔ حکمران مہنگائی میں کمی سے متعلق مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، پاک افغان مذاکرات اور امن کے لیے جماعت اسلامی کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔