اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور ان کے پیغام کو اہمیت دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کا پیغام اتحاد، ایمان اور تنظیم نہ صرف ایک تاریخی اہمیت رکھتا ہے بلکہ یہ آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے اصولوں کو اپنانے سے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ایاز صادق نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح 20 ویں صدی کے عظیم رہنماؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ وطن کے لیے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ ان کی رہنمائی نے مسلمانوں کو ایک آزاد ریاست کے حصول کا راستہ دکھایا، جو آج ہمارے لیے ایک حقیقت بن چکی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے قائداعظم کو ایک بااصول، باکردار، باصلاحیت، بردبار اور معاملہ فہم رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی عہد ساز شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، اور قائداعظم کی رہنمائی کی بدولت پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک خودمختار اور آزاد ملک کے طور پر وجود میں آیا۔ایاز صادق نے اس موقع پر اس بات کا اعادہ کیا کہ قائداعظم کا پیغام نہ صرف اس وقت اہم تھا بلکہ آج بھی ہمارے معاشرتی، سیاسی اور اقتصادی مسائل کے حل کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔