فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول اور ایئر چیف کا قائداعظم کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت

فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول اور ایئر چیف کا قائداعظم کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف کی جانب سے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج قائداعظم کے مضبوط، خودمختار اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے پُرعزم ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ایمان، اتحاد اور نظم وہ سنہری اصول ہیں جو آج بھی افواجِ پاکستان کی رہنمائی کر رہے ہیں، جب کہ آئین پسندی اور ثابت قدم قیادت میں قائداعظم کی مثال موجودہ چیلنجز میں مشعلِ راہ ہے۔مسلح افواج نے ملکی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے افواجِ پاکستان کی بھرپور خدمات جاری رہیں گی۔

دوسری جانب افواجِ پاکستان کی جانب سے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد بھی دی گئی، اور قومی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کو سراہا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان نے قائداعظم کے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور ہم آہنگی کے وژن سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج قائداعظم کے ورثے کے تحفظ اور قوم کی خدمت کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔