سیکرٹریٹ ملازمین کا احتجاج،روزانہ 2 گھنٹے قلم چھوڑ ہڑتال

مظاہرین کا ہفتے میں 2 دن سیکرٹریٹ احاطے میں مظاہرہ کرنے کا بھی اعلان 
لاہور ( کرائم رپورٹر)پنجاب سول سیکرٹریٹ میں سرکاری ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا،پنشن رولز میں ترامیم کے خاتمے،لیو انکیشمنٹ کا نوٹیفکیشن واپس لینے،رول 17 اے کی بحالی تک روزانہ 11 سے 1 بجے تک قلم چھوڑ ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ جب کہ ہفتے میں 2 دن سیکرٹریٹ احاطے میں احتجاجی مظاہرہ بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار کے ریلیف کی یقین دہانی پر ملازمین نے احتجاج 26 دسمبر تک ملتوی کر دیا۔ذرائع کا کہنا ہے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کے حکم پر سیکرٹری ایکسائز ملازمین سے ملنے پہنچے۔سیکرٹری ایکسائز بطور ایڈیشنل سیکرٹری ٹو چیف سیکرٹری پہلے بھی سرکاری ملازمین کے ساتھ کامیاب مذاکرات کر چکے ہیں اسی لئے ان کو یہ ٹاسک سونپا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے سیکرٹریٹ ملازمین نے مطالبات پر مبنی فہرست سیکرٹری ایکسائز کو جمع کر ا دی جس کا جواب مسعود مختار چیف سیکرٹری سے مشاورت کے بعد دیں گے۔