ریٹائرمنٹ کے باوجود بعض ملازمین 5،5 سال سے سرکاری رہائشگاہوں پر قابض
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب سول سیکرٹریٹ کے افسروں اور ملازمین کیلئے مختص رہائشی کالونیوں میں غیر منصفانہ تقسیم کا انکشاف سامنے آیا ہے جہاں گریڈ 16 اور 17 کے متعدد افسر چھوٹے سرکاری گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں جبکہ بعض کم گریڈ کے ملازمین سفارش اور بااثر افسروں سے قربت پربڑے سرکاری مکانات میں رہائش پذیر ہیں۔ذرائع کے مطابق کئی افسر عرصہ دراز سے چھوٹی رہا ئشگاہوں میں قیام پذیر ہیں اور درخواستوں کے باوجود انہیں انکے گریڈ کے مطابق سرکاری رہائشگاہیں الاٹ نہیں کی گئیں۔ گریڈ 17 کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ گریڈ16میں کم و بیش 10سال رہے اور اس دوران وہ فیملی کے ہمراہ صرف ایک کمرے پر مشتمل سرکاری رہائش میں قیام پذیر ہیں اور اب انہیں گریڈ 17میں ترقی دی گئی ہے۔بارہا درخواستوں کے باوجو رہائش تبدیل نہیں کی گئی۔ انہیں اس دوران دوسری جگہ رہائشگاہ کا بتایا گیا لیکن اسکی حالت اتنا خستہ تھی کہ ایک کمرے کے گھر میں ہی رہنے کو ترجیح دی۔اس افسر نے مزید بتایا کہ بعض ملازمین ریٹائرمنٹ کے باوجود چار ، چار ، پانچ ، پانچ سال سے سرکاری رہائشگاہوں میں موجود ہیں جبکہ بہت سے ملازمین سرکاری رہائشگاہیں ملنے کی امید دل میں لئے ریٹائر ہو جاتے ہیں۔امیدہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سرکاری رہائشگاہوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے فی الفور نوٹس لے کر تحقیقات کرائیں گی۔