وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا 22 خوارج کی ہلاکت پر فورسز کو خراج تحسین

وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا 22 خوارج کی ہلاکت پر فورسز کو خراج تحسین

شہباز شریف اور محسن نقوی نے ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں 22 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی، جبکہ دہشت گردوں کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک 10 سالہ بچے کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، اور معصوم بچے کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جدوجہد میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے ادارے پرعزم ہیں اور قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔محسن نقوی نے شہید بچے کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی حمایت سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔