چیمپئینز ٹرافی 2024: 2017 کی نسبت انعامی رقم دوگنا ہونے کی توقع

چیمپئینز ٹرافی 2024: 2017 کی نسبت انعامی رقم دوگنا ہونے کی توقع

آئی سی سی نے 2024 میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کی انعامی رقم کا اعلان نہیں کیا ہے، تاہم گزشتہ ایڈیشن 2017 میں فاتح ٹیم کو ملنے والی انعامی رقم کی تفصیل موجود ہے۔

 2017 میں آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے لئے کل انعامی رقم 4.5 ملین ڈالر رکھی گئی تھی، جس میں پاکستان کو 2.2 ملین ڈالر کا چیک دیا گیا تھا، کیونکہ پاکستان نے وہ ٹورنامنٹ جیتا تھا۔رنر اپ ٹیم بھارت کو 1.1 ملین ڈالر کی رقم دی گئی تھی، جبکہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی دیگر دو ٹیموں کو ہر ایک کو 450,000 ڈالر ملے تھے۔ گروپ مرحلے میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 90,000 ڈالر ملے، اور ہر گروپ میں آخری نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 60,000 ڈالر کی انعامی رقم دی گئی تھی۔ 2017 کے مقابلے میں 2013 میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی (جسے بھارت نے جیتا تھا) میں انعامی رقم 500,000 ڈالر کم تھی۔2024 کی چیمپئینز ٹرافی میں انعامی رقم کے بارے میں کئی امکانات موجود ہیں، اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ رقم 2017 کے مقابلے میں دوگنا ہو سکتی ہے، کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع مقابلے سے براڈکاسٹرز اور آئی سی سی کو بڑی آمدنی کا امکان ہے۔

 اس کے علاوہ، چیمپئینز ٹرافی کا ہائبرڈ ماڈل بھی اس کی اہمیت اور مقبولیت کو بڑھا رہا ہے۔2024 چیمپئینز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں ہوگا اور فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کے تین مختلف شہروں راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں میچز کا انعقاد ہوگا، جہاں ہر شہر میں تین گروپ میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اس ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئین کے طور پر میدان میں اُترے گا، اور ہوم کراؤڈ کی حمایت حاصل ہوگی۔