چیمپئینز ٹرافی؛ شیڈول میں تاخیر، براڈ کاسٹرز کو بڑے نقصان کا خدشہ

چیمپئینز ٹرافی؛ شیڈول میں تاخیر، براڈ کاسٹرز کو بڑے نقصان کا خدشہ

ویب ڈیسک:چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے فیصلے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور براڈکاسٹرز کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

بھارتی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی وجوہات کا بہانہ بنا کر بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیا گیا ہے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔پی سی بی نے کہا ہے کہ اگر 2025 کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں نہیں ہوئی تو وہ کسی بھی آئی سی سی ایونٹ یا ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف نہیں کھیلے گا۔آئی سی سی کی جانب سے براڈکاسٹنگ رائٹس کے لیے 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی تھی، جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کی اہمیت کو مدنظر رکھا گیا تھا، کیونکہ پاک بھارت میچز ہمیشہ براڈکاسٹرز کے لیے مالی فوائد کا باعث بنتے ہیں۔

 تاہم، بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار اور سیکیورٹی کے بہانے نے براڈکاسٹرز کی آمدنی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق، براڈکاسٹنگ کمپنی نے آئی سی سی پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کرے تاکہ آئندہ کے میچز کی تیاری کی جا سکے۔ اس تاخیر کی وجہ سے براڈکاسٹرز کو مالی نقصان ہو رہا ہے، کیونکہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاکستان اور بھارت کے میچز کی نشریات سے انہیں بڑی آمدنی کی توقع تھی۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کو صاف طور پر آگاہ کیا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم 2025 میں پاکستان آ کر چیمپئنز ٹرافی میں حصہ نہیں لیتی تو پاکستان بھارت کے خلاف کسی بھی آئی سی سی ایونٹ یا ایشیا کپ میں نہیں کھیلے گا، جس سے دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات میں مزید کشیدگی آ سکتی ہے۔یہ صورتحال آئی سی سی کے لیے ایک پیچیدہ چیلنج بنی ہوئی ہے، کیونکہ چیمپئنز ٹرافی اور دیگر ایونٹس میں پاک بھارت میچز کے بغیر ایونٹ کی کامیابی اور براڈکاسٹرز کی آمدنی پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔