پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ملک کے کھلاڑیوں کے لیے انعامات میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مختلف بین الاقوامی گیمز میں تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو ملنے والی انعامی رقم میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
نئے نوٹیفکیشن کے مطابق:
اولمپکس گیمز: گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو ایک کروڑ روپے ملیں گے، چاندی کے تمغے پر 75 لاکھ روپے اور کانسی کے تمغے پر 50 لاکھ روپے انعام ہوگا۔
ایشین گیمز: گولڈ میڈل جیتنے والے کو 75 لاکھ روپے، سلور میڈل پر 50 لاکھ روپے اور برانز میڈل پر 30 لاکھ روپے انعام ملے گا۔
کامن ویلتھ گیمز: سونے کے تمغے پر 50 لاکھ روپے، چاندی کے تمغے پر 30 لاکھ روپے اور کانسی کے تمغے پر 20 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز: سونے کے تمغے پر 5 لاکھ روپے، چاندی کے تمغے پر 3 لاکھ روپے اور کانسی کے تمغے پر 2 لاکھ روپے انعام ہوگا۔
بلائند ورلڈ گیمز اور ڈیف اولمپکس: گولڈ میڈلسٹ کو 20 لاکھ روپے، سلور میڈلسٹ کو 10 لاکھ روپے اور برانز میڈلسٹ کو 5 لاکھ روپے انعام ملے گا۔
نیشنل گیمز اور قائد اعظم گیمز: انفرادی گولڈ میڈل ونرز کو 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، تمام میڈلسٹس کو گولڈ کارڈ جاری کیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ پی ایس بی اور کوچنگ سینٹرز کی تمام سہولتیں حاصل کر سکیں گے۔ ان کھلاڑیوں کو پی ایس بی اور کوچنگ سینٹرز کے ہوسٹلز میں 20 دن تک مفت قیام کی سہولت بھی دی جائے گی۔پی ایس بی کے ترجمان کے مطابق، ان انعامات اور سہولتوں کی منظوری 4 دسمبر کو پی ایس بی کے اجلاس میں دی گئی تھی، جس کے بعد یہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔