بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی قیادت کو سول نافرمانی کی تحریک جاری رکھنے کی ہدایت دے دی ہے۔
عمران خان نے پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا اور سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کو عالمی امور پر بات کرنے کی ہدایات بھی دیں۔پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک جاری رکھنے کا حکم دیا ہے اور عالمی امور پر صرف بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور ان کے علاوہ کوئی بات نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر مذاکرات میں سنجیدگی نظر آئی تو سول نافرمانی کی کال واپس لینے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
شیخ وقاص اکرم کے مطابق عمران خان نے اپنے دو اہم مطالبات پر کوئی سمجھوتا نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ مطالبات بانی پی ٹی آئی اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کا قیام ہیں۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو چکا ہے اور دونوں فریقین کی مذاکراتی کمیٹیوں نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کی کمیٹیوں کا دوسرا اجلاس 2 جنوری 2025 کو ہو گا۔