سول نافرمانی تب شروع ہو گی جب کوئی دوسرا راستہ نہ ہو گا:شیر افضل مروت

سول نافرمانی تب شروع ہو گی جب کوئی دوسرا راستہ نہ ہو گا:شیر افضل مروت

پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے پاکستان کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورت حال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ جب دیگر راستے ختم ہو جائیں گے، تب ہی سول نافرمانی کا آغاز کیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی ضرورت معاشی استحکام نہیں بلکہ آزاد عدلیہ ہے، اور ریاستی اداروں کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی آزادی اور ملک میں آئین کی حکمرانی اہم ہیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کو مکمل اختیارات دیے گئے ہیں، اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عدلیہ کی آزادی، 9 مئی کے واقعات، اور مینڈیٹ چوری جیسے اہم مسائل مذاکرات کے دوران زیر بحث آئیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیاسی قیادت ایک دیرپا اور مشترکہ فارمولے پر اتفاق کرے گی تاکہ ملک کو سیاسی عدم استحکام سے نکالا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی مسائل اتنے سنگین ہو چکے ہیں کہ اب مذاکرات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

 اس دوران انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معاشرتی روایات میں یہ رواج ہے کہ جرگے اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کیے جاتے ہیں، اور یہ رواج اس وقت بھی کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔ شیر افضل مروت نے اس بات کو اہمیت دی کہ جن پاکستانیوں کی زندگی چھینی گئی ہے، ان کے خون کا حساب ضرور لینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت کو اپنی ذمے داریوں کا ادراک کرنا چاہیے اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام اور ہزاروں کارکنوں کی جیلوں میں موجودگی کے باوجود اگر پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے تو یہ ملک کے لیے سودمند ہو گا۔