پی ٹی آئی کے بانی کا سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان، حکومت سے دو اہم مطالبات

پی ٹی آئی کے بانی کا سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان، حکومت سے دو اہم مطالبات

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی نے حکومت کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے۔ بانی پی ٹی آئی نے حکومت سے دو اہم مطالبات کیے ہیں:

انڈر ٹرائل سیاسی قیدیوں کی رہائی: بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کو روکا جائے۔
9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات: بانی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے ایک جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ ان واقعات کے حوالے سے سچائی سامنے آسکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ان مطالبات پر اتوار تک عملدرآمد نہیں کرتی تو وہ سول نافرمانی کی تحریک کے پہلے مرحلے "ترسیلات زر کے بائیکاٹ" کا آغاز کر دیں گے۔ اس بائیکاٹ کی اپیل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے کی گئی ہے، جن سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں جمہوریت، عدلیہ اور میڈیا کے حقوق کے تحفظ کے لیے ترسیلات زر کا بائیکاٹ کریں۔

بانی پی ٹی آئی نے 26 نومبر اور 8 فروری کو پی ٹی آئی کارکنان کی قربانیوں اور ہمت کو سراہا اور کہا کہ تحریک انصاف دوسری سیاسی جماعت ہے جسے اس قسم کے ریاستی جبر کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے 26 نومبر کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا، جب نہتے افراد پر سنائپرز کے ذریعے فائرنگ کی گئی اور کئی افراد غائب ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ غائب افراد حکومت کی ذمہ داری ہے اور ان کی تلاش کے لیے وہ جدوجہد کریں گے۔

اس کے علاوہ، بانی پی ٹی آئی نے حکومت کے مذاکرات کے لیے پیشکش کے مذاق اڑانے پر تنقید کی اور کہا کہ اگر حکومت مذاکرات میں دلچسپی نہیں رکھتی، تو پی ٹی آئی کے مطالبات کو غیر آئینی قرار دے کر اس پر بات کی جائے۔انہوں نے اس تحریک کو حکومت کے بدعنوان اقدامات اور ملک کی معیشت کی تباہی کے خلاف قرار دیا، جس کے نتیجے میں عوام میں مایوسی پھیل چکی ہے اور کاروباری طبقہ اپنے پیسے بیرون ملک منتقل کر رہا ہے۔آخر میں بانی پی ٹی آئی نے یہ کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حکومت ان کے جائز مطالبات پر عملدرآمد نہیں کرتی۔