نیوزی لینڈ کا پاکستان دورہ اور آئی پی ایل شیڈول میں تصادم، فرنچائزز کو مشکلات کا سامنا

نیوزی لینڈ کا پاکستان دورہ اور آئی پی ایل شیڈول میں تصادم، فرنچائزز کو مشکلات کا سامنا

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اگلے برس پاکستان کے دورے اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی شیڈول کی ٹائمنگ میں تصادم نے کرکٹرز اور فرنچائزز کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

 2025ء میں چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور آئی پی ایل کی ونڈو میں تصادم متوقع ہے، جس سے کھلاڑیوں کو دونوں لیگز میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے گا۔نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 16 مارچ سے 5 اپریل تک پاکستان کا دورہ کرے گی، جس دوران پانچ ٹی20 اور تین ون ڈے میچز کھیلنے ہیں۔ اسی دوران آئی پی ایل کا آغاز 14 مارچ سے ہوگا، اور نیوزی لینڈ کے کئی نامور کھلاڑی فرنچائز ٹیموں کا حصہ ہیں، جس کے باعث آئی پی ایل کی فرنچائز چنائی سپر کنگز کو اپنے دو اہم کھلاڑیوں، ڈیون کونوے اور راچن رویندرا کو ابتدائی میچز میں دستیاب نہیں ہونے کا خدشہ ہے۔ اس سے فرنچائز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اسی طرح، دیگر فرنچائزز جیسے گجرات ٹائٹنز کو گلین فلپس، ممبئی انڈینز کو مچل سینٹنر اور ٹرینٹ بولٹ، اور پنجاب کنگز کو لوکی فرگوسن کی خدمات سے محروم ہونا پڑے گا۔دوسری طرف، نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن کو آئی پی ایل 2025 کی نیلامی میں کسی ٹیم نے اپنے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا۔ اس کے علاوہ، نیوزی لینڈ کرکٹ نے حال ہی میں اسپنر مچل سینٹنر کو وائٹ بال کرکٹ کا کپتان مقرر کیا ہے، جس سے ان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔