ویب ڈیسک: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ شیخ وقاص اکرم مسلسل 40 دن سے بغیر اطلاع کے غیر حاضر ہیں، آئین کے آرٹیکل 64 کے تحت اسپیکر غیر حاضری کو نوٹس میں لا کر نشست کو خالی قرار دے سکتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ کسی رکن کو غیر حاضری پر نشست سے محروم کرنے کی کوئی مثال نہیں، عمر ایوب کو بانی پی ٹی آئی کا سپاہی ہونے پر سزا دی گئی، زرتاج گل کو بھی سزا دی گئی، ہر سطح پر ہمیں بلاک کیا جا رہا ہے۔اسپیکر نے جواب میں کہا کہ پچھلی اسمبلی میں محمد میاں سومرو کو غیر حاضری پر نشست سے محروم کیا گیا تھا۔ عامر ڈوگر نے دعویٰ کیا کہ شیخ وقاص اکرم چھٹی کی درخواستیں اسپیکر دفتر بھیجتے رہے۔وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا کہ ایوان کی توقیر بڑھانے میں حکومت کے ساتھ اپوزیشن کا بھی اہم کردار ہے۔