لاہور میں کرسمس کی مڈ نائٹ عبادات میں عالمی امن اور پاکستان کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں

لاہور میں کرسمس کی مڈ نائٹ عبادات میں عالمی امن اور پاکستان کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں

لاہور سمیت پاکستان بھر میں کرسمس کی تقریبات کا آغاز مڈ نائٹ عبادات کے اجتماعات سے ہوا، جن میں مسیحی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 ان عبادات کا انعقاد مختلف گرجا گھروں میں کیا گیا، جہاں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کے موقع پر دعائیں کی گئیں اور خوشی کے گیت گائے گئے۔گرجا گھروں کو رنگ برنگی روشنیوں، کرسمس ٹری، اور سجاوٹی اشیاء سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ عبادات کے دوران انجیل مقدس اور پرانے عہد نامہ سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی دنیا میں آمد کے متعلق کلام مقدس کے حوالے پڑھے گئے۔ دعائیہ تقریبات میں امن، بھائی چارے، اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اس موقع پر مسیحی برادری نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کو یاد کرتے ہوئے انسانیت کے لیے محبت، قربانی، اور خدمت کے پیغام پر زور دیا۔

کرسمس کی مناسبت سے بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے اور خصوصی کیک کاٹنے کی تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا۔لاہور کے گرجا گھروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ عبادات میں شریک افراد کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہے اور گرجا گھروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ کی گئی۔مسیحی برادری نے کرسمس کے موقع پر ملک میں امن اور یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
 
 

شیئر کریں: